پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کنگ چارلس سے ملاقات، خصوصی دستخط شدہ بیٹ پیش
پاکستان کرکٹ ٹیم نے برطانیہ کے بادشاہ کنگ چارلس سے ملاقات کی، جو شاہی خاندان کی تاریخی رہائش گاہ کلیرنس ہاؤس میں ہوئی۔
ملاقات کے دوران کنگ چارلس نے پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں اور حکام سے بات چیت کی اور ان کے دورۂ انگلینڈ کے حوالے سے گفتگو کی۔ تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی بھی شریک تھے۔
اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کی جانب سے برطانوی بادشاہ کو کھلاڑیوں کے دستخط سے مزین ایک خصوصی کرکٹ بیٹ بطور تحفہ پیش کیا گیا۔ یہ تحفہ پاکستان کی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کنگ چارلس کو پیش کیا۔
ملاقات میں کنگ چارلس نے پاکستانی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی کی، جبکہ محسن نقوی کے ساتھ کرکٹ کے معاملات، امن اور پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔
پاکستانی ٹیم اس وقت دورۂ انگلینڈ پر ہے، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جارہی ہے۔ سیریز کا آخری اور تیسرا ٹیسٹ 9 ستمبر سے برمنگھم میں شروع ہوگا۔