ویمنز ایشیا کپ: بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

ویمنز ایشیا کپ کے میچ میں بھارتی ٹیم نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔ بھارت نے 56 رنز کا معمولی ہدف صرف 8.4 اوورز میں 3 وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا۔

ہدف کے تعاقب میں دپتی شرما نے 12 جبکہ ہرمن پریت کور نے 18 رنز اسکور کیے۔ اس سے قبل سمرتی مندھانہ 9 اور شفالی ورما 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھیں۔

پاکستان کی جانب سے کپتان فاطمہ ثناء نے 3 بھارتی بیٹرز کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے پاکستان ویمنز ٹیم کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم صرف 55 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ یہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پاکستانی ویمنز ٹیم کا اب تک کا کم ترین مجموعہ بن گیا۔

پاکستان کی طرف سے شوال ذوالفقار نے 14 اور منیبہ علی نے 13 رنز بنائے، جبکہ دیگر بیٹرز نمایاں اسکور نہ کرسکیں۔

گل فیروزہ، نشرہ سندھو، سعدیہ اقبال اور کپتان فاطمہ ثناء بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئیں۔ عائشہ ظفر نے 2، صدف شمس نے 3، ایمان فاطمہ نے 5 اور ام ہانی نے 6 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے شری چرانی اور پریما راوت نے 3،3 وکٹیں حاصل کرکے پاکستانی بیٹنگ کو محدود رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔