ساہیوال میں یومِ دفاع پر گرینڈ میوزیکل کنسرٹ، شہریوں کی بھرپور شرکت

ساہیوال: یومِ دفاع کی مناسبت سے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایگلز فٹ بال گراؤنڈ میں منعقد کیے گئے گرینڈ میوزیکل کنسرٹ میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ خواتین، بچوں، نوجوانوں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے تقریب میں شرکت کرکے پاک فوج کے ساتھ یکجہتی اور قومی جذبے کا اظہار کیا۔

تقریب کے دوران ملی نغموں اور جنگی ترانوں سے پنڈال گونجتا رہا، جبکہ قومی جذبے سے بھرپور ماحول نے شرکاء کو متاثر کیا۔ پاک فوج کے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں پر مبنی خصوصی ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی، جس کے بعض مناظر نے شرکاء کو جذباتی کردیا اور کئی افراد آبدیدہ ہوگئے۔

اس موقع پر اسکولوں کے بچوں نے ملی نغمے اور جنگی ترانے پیش کیے، جنہیں حاضرین نے بھرپور انداز میں سراہا۔ معروف فوک گلوکاروں نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور تقریب کے شرکاء کو محظوظ کیا۔

کنسرٹ کے دوران ایگلز فٹ بال گراؤنڈ میں قومی جوش و جذبہ نمایاں رہا اور شرکاء کی جانب سے ’’پاکستان زندہ باد، پاک فوج پائندہ باد‘‘ کے نعرے بھی لگائے گئے۔

یومِ دفاع کے حوالے سے پیش کی گئی ڈاکیومنٹری میں ملکی دفاع، سلامتی اور خودمختاری کے لیے پاک فوج کی خدمات اور قربانیوں کو اجاگر کیا گیا۔ جذباتی مناظر کے باعث کئی خواتین و حضرات کی آنکھیں نم ہوگئیں، جبکہ حاضرین نے بھی پاک فوج کے ساتھ اپنی بھرپور وابستگی کا اظہار کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے کہا کہ یومِ دفاع ان شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو یاد کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جنہوں نے وطن کے دفاع کے لیے غیر معمولی بہادری اور عزم کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے قومی اتحاد اور یکجہتی کو مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

گرینڈ میوزیکل کنسرٹ میں ڈی پی او محمد عثمان ٹیپو، وفاقی وزیر تخفیفِ غربت عمران احمد شاہ، پارلیمنٹیرینز چوہدری محمد عثمان، ملک قاسم ندیم، محمد ارشد ملک اور نوید احمد خاں لودھی سمیت مختلف سرکاری افسران، عوامی نمائندوں اور شہریوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز مرحبا نعمت، شبیر بٹ، ملک اعجاز، عدنان رشید اور رانا اورنگزیب، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز طارق اسماعیل خان، اسسٹنٹ کمشنرز ماہم واحد اور کیپٹن (ر) محمد یحییٰ، سی ای او ھیلتھ ڈاکٹر اظہر عباس نقوی,ایس ڈی او پیرا فورس نعمان قیصر اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

رات گئے تک جاری رہنے والی تقریب کا اختتام شاندار آتش بازی سے ہوا۔ آسمان پر رنگا رنگ روشنیوں کے دلکش مناظر نے ایگلز فٹ بال گراؤنڈ کو روشن کردیا، جس کے ساتھ ہی یومِ دفاع کی یہ خصوصی تقریب قومی جوش و جذبے کے ماحول میں اختتام پذیر ہوگئی۔