آنیوالے چند ماہ بڑے اہم ہیں جس کے لیے بھرپور تیاری کر رہا ہوں: ارشد نریم

اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولین تھرور ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ آنے والے چند ماہ ایونٹس کے حوالے سے بڑے اہم ہیں، کامنا ویلتھ گیمز میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنا ہے، ایشین گیمز سمیت ڈائمنڈ لیگز میں شرکت کرنا ہے جس کے لیے بھرپور تیاری کر رہا ہوں۔

تفصیلات کے مطابق اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولین تھرور لاہور میں آنے والے ایونٹس کے لیے اپنی شیڈول ٹریننگ جاری رکھے ہوئے ہیں، کہتے ہیں کہ اگلے آنے والے ایونٹس کے لیے بھرپور تیاری کر رہا ہوں، فٹنس پر کام کیا ہے، ابھی مکمل طور پر فٹ ہوں، دعا ہے کہ اللّٰہ پاک آگے بھی فٹ ہی رکھے۔ قطر میں ڈائمنڈ لیگ مئی میں شیڈول تھی اس کے لیے بھرپور تیار تھا لیکن خطے میں کشیدہ حالات کی وجہ سے ملتوی ہو گئی اور وہ اب جون میں کھیلی جائے گی۔ اس لیے اب قطر ڈائمنڈ لیگ ایک مہینہ لیٹ ہونے سے ٹریننگ کے لیے مزید وقت مل گیا ہے۔