بیرونِ ملک سے اجرت لینے والے انڈیٹرز کے لیے بلوچستان سیلز ٹیکس کی شرح مقرر

بلوچستان ریونیو اتھارٹی (بی آر اے) نے کاروباری مقام سے خدمات فراہم کرنے والے انڈیٹرز کے لیے بلوچستان سیلز ٹیکس آن سروسز کی شرح سے متعلق اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔

بی آر اے کے مطابق بیرونِ ملک سے اپنی خدمات کی فیس وصول کرنے والے انڈیٹرز پر 3 فیصد سیلز ٹیکس لاگو ہوگا۔ تاہم اس شرح سے فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ سروس کی اجرت بینکنگ ذرائع کے ذریعے غیر ملکی کرنسی میں وصول کی جائے۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اگر غیر ملکی آمدن اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مقررہ طریقہ کار کے تحت متعلقہ کاروباری اکاؤنٹ میں منتقل ہو تو ٹیکس رعایت حاصل کی جاسکتی ہے۔

بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے تمام متعلقہ انڈیٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ بی آر اے میں رجسٹریشن، درست ٹیکس گوشواروں اور مقررہ وقت پر ریٹرن فائل کرنے کے تقاضے پورے کریں۔

بی آر اے کے مطابق ٹیکس قوانین پر مکمل عملدرآمد سے مالی معاملات میں شفافیت بہتر بنانے کے ساتھ صوبائی محصولات میں اضافے اور ٹیکس نظام کو مؤثر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔