شادی کی تقریب میں آتش بازی پر پولیس نے دولہے کو حوالات کی سیر کروا دی اور شادی کی خوشیاں خوف میں بدل گئیں۔پولیس کے مطابق تھانہ بھانہ ماڑی کی حدود میں شادی کے دوران بے تحاشہ آتش بازی اور ہوائی فائرنگ کرنے والے دولہے کو گرفتار کر لیا ہے، جو کوٹلہ محسن خان کا رہائشی ہے۔پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم اپنی ہی شادی کی تقریب میں اسلحے کی نمائش کرتے ہوئے فائرنگ اور آتش بازی میں مصروف تھا، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ۔
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ چند لمحوں کی خوشی نے بڑے سانحے کا خطرہ پیدا کر دیا تھا ، پولیس نے بروقت کارروائی کرکے ملزم کو حراست میں لے کر اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا اور تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔حکام کا کہنا تھا کہ پشاور میں ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی نمائش کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس کے خلاف کارروائیاں بدستور جاری رہیں گی جبکہ شہریوں نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے خطرناک رجحانات کا خاتمہ کیا جائے تاکہ خوشی کے مواقع کسی المیے میں نہ بدلیں۔