یومِ بحریہ: مریم نواز کا پاک بحریہ کے افسران، جوانوں، شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ملکی سمندری حدود کے دفاع پر مامور پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے، جبکہ شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو بھی عقیدت کے ساتھ یاد کیا۔

یومِ بحریہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان نیوی نے مختلف مواقع پر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، عزم اور بہادری کا ثبوت دیا اور دشمن کے مقابلے میں اپنی برتری قائم رکھی۔

مریم نواز کے مطابق 8 ستمبر کا تاریخی دن پاک بحریہ کی شاندار کارکردگی کی یاد دلاتا ہے، جبکہ بحرِ ہند میں آبدوز غازی کی خدمات نے بحری جنگ کی تاریخ میں ایک نمایاں مثال قائم کی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاک بحریہ ملکی بحری تجارت کے تحفظ اور فروغ میں بھی اہم کردار ادا کررہی ہے۔ ان کے مطابق خطے میں آبنائے ہرمز کی کشیدہ صورتحال کے باوجود پاکستانی پرچم بردار تجارتی جہازوں کی آمد و رفت کو برقرار رکھنے میں پاک بحریہ نے مؤثر کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ اپنی مختلف عوامی خدمت کی سرگرمیوں کے ذریعے بحری سفارت کاری کو بھی آگے بڑھا رہی ہے، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ جدید آبدوزوں، کروز اور بیلسٹک میزائلوں سمیت جدید بحری ٹیکنالوجی اور دفاعی اثاثوں نے پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے دعا کی کہ پاک بحریہ آئندہ بھی اپنی شاندار بحری روایات، پیشہ ورانہ معیار اور قومی خدمات کو اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھاتی رہے۔