تبت میں 5.3 شدت کا زلزلہ، فوری نقصان کی اطلاع نہیں
چین کے خودمختار علاقے تبت میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.3 ریکارڈ کی گئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز زمین کی سطح سے تقریباً 35 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
تبت اس سے قبل بھی حالیہ دنوں میں ایک بڑی قدرتی آفت کا سامنا کرچکا ہے۔ 26 اگست کو گلیشیئر ٹوٹنے کے بعد آنے والے سیلاب اور ملبے کے تیز بہاؤ نے تبت اور نیپال کے سرحدی علاقوں کو شدید متاثر کیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق اس قدرتی آفت کا زیادہ تباہ کن اثر نیپال میں دیکھنے میں آیا، جہاں سیلابی ریلے سے گھروں، سڑکوں، پلوں اور ہائیڈرو پاور منصوبوں کو نقصان پہنچا، جبکہ بڑی تعداد میں افراد کے لاپتا ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔