اورنگی ٹاؤن میں شہریوں کے تشدد سے ڈاکو ہلاک، مختلف واقعات میں 2 افراد جاں بحق
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر 13 میں شہریوں نے مبینہ طور پر لوٹ مار کرکے فرار ہونے والے ایک ڈاکو کو پکڑ کر تشدد کیا، جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگیا۔
جیو نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ دو مسلح ملزمان ایک شہری سے مبینہ طور پر واردات کے بعد فرار ہو رہے تھے۔ شہریوں نے ان کا تعاقب کیا اور ایک ملزم کو قابو کرلیا۔ پولیس کے مطابق شہریوں نے ملزم کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے بعد اسے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا، جبکہ دوسرا ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
دوسری جانب کورنگی کاز وے ندی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران بھی ایک ملزم مارا گیا۔ پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تفصیلات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ادھر گلشن حدید کے علاقے گبول گوٹھ میں فائرنگ کا ایک اور واقعہ پیش آیا، جس میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔ واقعے کے حوالے سے پولیس نے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔