بروس کیمبل کا کینسر کی تشخیص پر اہم بیان، کہا تقریباً 5 سال کا وقت بتایا گیا ہے

ہالی ووڈ کی مشہور ہارر فلم سیریز ’’ایول ڈیڈ‘‘ سے عالمی شہرت حاصل کرنے والے اداکار بروس کیمبل نے کینسر کی تشخیص کے بعد اپنی صحت کے حوالے سے اہم انکشاف کیا ہے۔ اداکار کے مطابق موجودہ طبی اندازوں کی بنیاد پر ان کے پاس تقریباً پانچ سال کا وقت باقی ہو سکتا ہے۔

67 سالہ بروس کیمبل نے ’’دی ایڈم کیرولا شو‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اس وقت کینسر کے کس مرض کا سامنا کر رہے ہیں، اس کی تفصیلات فی الحال ظاہر نہیں کرنا چاہتے۔

اداکار نے کہا کہ انہیں جس نوعیت کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے، اس کے ساتھ موجودہ صورتحال میں ڈاکٹروں کی جانب سے تقریباً پانچ سال کا اندازہ دیا گیا ہے، تاہم یہ مدت کم یا زیادہ بھی ہوسکتی ہے۔

بروس کیمبل کا کہنا تھا کہ وہ اپنی بیماری کو اپنی زندگی پر مکمل طور پر غالب نہیں آنے دیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کا مقصد بیماری کے خوف میں زندگی گزارنے کے بجائے اپنی زندگی کو جاری رکھنا ہے۔

اداکار کے مطابق وہ انٹرنیٹ پر کینسر سے متعلق موجود بے شمار معلومات اور مختلف مریضوں کے تجربات پڑھ کر خود کو مزید پریشان کرنے کے بجائے معمول کی زندگی گزارنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

بروس کیمبل ان دنوں اپنی نئی فلم ’’رنی اینڈ ایما‘‘ کی تشہیری سرگرمیوں میں بھی مصروف ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بیماری کے باوجود وہ اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات اور ذاتی زندگی کو مکمل طور پر ترک کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔