دو ماہ میں اوورسیز پاکستانیوں نے 7.3 ارب ڈالر پاکستان بھیج دیے

بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے مالی سال 2026-27 کے ابتدائی دو ماہ کے دوران پاکستان بھیجی جانے والی ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی اور اگست 2026 میں اوورسیز پاکستانیوں نے مجموعی طور پر 7 ارب 30 کروڑ ڈالر وطن منتقل کیے، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 14.7 فیصد زیادہ ہیں۔

رپورٹ کے مطابق صرف اگست 2026 میں پاکستان کو 3 ارب 70 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں۔ اگست کی ماہانہ ترسیلات میں گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 16.5 فیصد جبکہ جولائی کے مقابلے میں 0.7 فیصد اضافہ ہوا۔

اگست میں ترسیلات زر بھیجنے والے ممالک میں سعودی عرب سرفہرست رہا، جہاں سے پاکستانیوں نے 87 کروڑ ڈالر وطن بھیجے۔

اعداد و شمار کے مطابق متحدہ عرب امارات سے 74 کروڑ 98 لاکھ ڈالر، برطانیہ سے 56 کروڑ 37 لاکھ ڈالر جبکہ امریکا سے 30 کروڑ 89 لاکھ ڈالر کی ترسیلات پاکستان پہنچیں۔

دو ماہ کے دوران ترسیلات زر میں ہونے والے اضافے سے بیرونِ ملک پاکستانیوں کی جانب سے ملک کو بھیجے جانے والے زرِمبادلہ کے حجم میں نمایاں بہتری سامنے آئی ہے۔