بیلن ڈی آر ایوارڈ کے لیے 30 کھلاڑیوں کی فہرست جاری

فٹبال کے سب سے معتبر انفرادی اعزاز بیلن ڈی آر کے لیے رواں سال کے 30 نامزد کھلاڑیوں کے نام سامنے آگئے ہیں، جن میں دنیا کے کئی بڑے فٹبال اسٹارز شامل ہیں۔

نامزدگیوں میں فرانس کے کائیلیان ایم باپے، اسپین کے نوجوان اسٹار لامین یمال اور انگلینڈ کے ہیری کین نمایاں ہیں۔ آٹھ مرتبہ یہ اعزاز اپنے نام کرنے والے ارجنٹائن کے لیجنڈ لیونل میسی کو بھی ایک بار پھر فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ناروے کے ارلنگ ہالینڈ، فرانس کے عثمان ڈیمبیلے اور انگلینڈ کے جوڈ بیلنگھم بھی بیلن ڈی آر کے امیدواروں میں شامل ہیں۔

تاہم پانچ مرتبہ بیلن ڈی آر جیتنے والے پرتگال کے اسٹار کرسٹیانو رونالڈو اس مرتبہ 30 رکنی نامزد فہرست کا حصہ نہیں ہیں۔

رواں سال بیلن ڈی آر کا حتمی فاتح 26 اکتوبر کو ہونے والی تقریب میں اعلان کیا جائے گا۔