جاپان میں موسلا دھار بارش، ایشین گیمز کے سینکڑوں ایتھلیٹس کا انخلا

جاپان کے شہر ناگویا میں شدید بارش اور پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے باعث ایشین گیمز میں شریک سینکڑوں کھلاڑیوں اور آفیشلز کو احتیاطی طور پر محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کو ناگویا میں صرف ایک گھنٹے کے دوران 104 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد شہری انتظامیہ نے شہر کے بعض علاقوں کے رہائشیوں کے لیے انخلا کے احکامات جاری کیے۔

شدید بارش کے نتیجے میں ایشین گیمز کے بعض مقابلوں کے وینیوز میں بھی پانی داخل ہوگیا، جس کے باعث کھلاڑیوں اور متعلقہ عملے کو عارضی طور پر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔

انتظامیہ کے مطابق بارش کی شدت کم ہونے کے بعد ایتھلیٹس اور آفیشلز کو دوبارہ ان کی رہائش گاہوں میں منتقل کردیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ موسلا دھار بارش اور سیلابی صورتحال کے باوجود کسی کھلاڑی یا اسٹاف ممبر کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

ایشین گیمز انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ خراب موسم کے باوجود کھیلوں کے شیڈول پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور مقابلے طے شدہ پروگرام کے مطابق جاری رہیں گے۔

واضح رہے کہ ایشین گیمز کا انعقاد جاپان کے شہر ناگویا میں 19 ستمبر سے 4 اکتوبر تک ہوگا، جبکہ افتتاحی تقریب 19 ستمبر کو منعقد کی جائے گی۔ تاہم باسکٹ بال سمیت بعض کھیلوں کے مقابلے افتتاحی تقریب سے قبل ہی شروع ہوجائیں گے۔