وزیراعظم کی نئی پانچ سالہ آٹو پالیسی کی منظوری، ہائبرڈ گاڑیوں پر ڈیوٹی کم کرنے کی تجویز
وزیراعظم شہباز شریف نے 2026 سے 2031 تک کے لیے نئی پانچ سالہ آٹو پالیسی کی منظوری دے دی ہے، تاہم پالیسی کے باقاعدہ نفاذ سے قبل اسے آئی ایم ایف اور وفاقی کابینہ کی منظوری درکار ہوگی۔
پالیسی کے مجوزہ مسودے میں ہائبرڈ گاڑیوں کی درآمد پر عائد ڈیوٹی میں مرحلہ وار کمی کی سفارش کی گئی ہے۔ دستاویز کے مطابق 1800 سی سی سے زیادہ ہائبرڈ گاڑیوں کی درآمد پر ٹیکس میں آئندہ پانچ برس کے دوران مجموعی طور پر 20 فیصد کمی کی تجویز سامنے آئی ہے۔
مسودے کے مطابق 1801 سی سی سے زائد ہائبرڈ گاڑیوں پر درآمدی ڈیوٹی 50 فیصد سے گھٹا کر 30 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اسی طرح 1501 سے 1800 سی سی تک ہائبرڈ گاڑیوں کے لیے بھی ڈیوٹی کی شرح 50 فیصد سے کم کرکے 30 فیصد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
پالیسی ڈرافٹ میں 851 سے 1000 سی سی اور 800 سی سی تک کی ہائبرڈ گاڑیوں پر بھی موجودہ 50 فیصد ڈیوٹی کو کم کرکے 30 فیصد کرنے کی تجویز شامل ہے۔
ہائبرڈ کمرشل گاڑیوں کے حوالے سے بھی ڈیوٹی میں کمی کی سفارش کی گئی ہے۔ مسودے کے تحت ہائبرڈ ٹرک پر ڈیوٹی 30 فیصد سے کم کرکے 15 فیصد اور ہائبرڈ لائٹ کمرشل گاڑیوں پر شرح 60 فیصد سے گھٹا کر 30 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔
اس کے علاوہ ہائبرڈ بسوں کی درآمد پر عائد ڈیوٹی بھی 30 فیصد سے کم کرکے 15 فیصد کرنے کی تجویز پالیسی ڈرافٹ کا حصہ ہے۔
نئی آٹو پالیسی میں مجموعی طور پر ہائبرڈ گاڑیوں کی درآمد کو مرحلہ وار سہولت دینے اور ان پر عائد ڈیوٹی میں کمی کی تجاویز شامل کی گئی ہیں۔
وزیراعظم کی منظوری کے بعد پالیسی مسودہ مزید منظوری کے لیے پہلے آئی ایم ایف کے سامنے پیش کیا جائے گا، جس کے بعد وفاقی کابینہ سے حتمی منظوری حاصل کی جائے گی۔