آخری ٹیسٹ میں پاکستان کی بیٹنگ ناکام، قومی ٹیم 133 رنز پر ڈھیر
تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری مقابلے میں پاکستان کی بیٹنگ ایک مرتبہ پھر مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 133 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
برمنگھم میں کھیلے جارہے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ قومی ٹیم کی جانب سے صائم ایوب اور اذان اویس نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم صائم ایوب کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے، جبکہ اذان اویس بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف 9 رنز بناسکے۔
عبداللہ شفیق کی اننگز بھی مختصر رہی اور وہ 3 رنز بنا کر رابنسن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ کپتان شان مسعود کو آرچر نے پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ بابر اعظم صرف 7 رنز بنا سکے۔
سعود شکیل نے نسبتاً بہتر مزاحمت کرتے ہوئے 43 رنز اسکور کیے، تاہم وہ بھی ٹیم کو بڑے مجموعے تک پہنچانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے غازی غوری 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ محمد عباس نے 21 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں تین کھلاڑیوں کو پہلی مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا موقع دیا گیا ہے، جن میں غازی غوری، رضا اللہ اور عمران رندھاوا شامل ہیں۔
غازی غوری کو ٹیسٹ کیپ سعود شکیل نے پہنائی، جبکہ رضا اللہ کو محمد عباس اور عمران رندھاوا کو بابر اعظم نے ٹیسٹ کیپ دی۔
واضح رہے کہ تین میچوں کی سیریز میں انگلینڈ پہلے ہی پاکستان کے خلاف 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرچکا ہے۔