عمران خان کی صحت کا مسئلہ، چیف جسٹس سے جلد سماعت مقرر کرنے کی درخواست

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو صحت سے متعلق مسئلہ درپیش ہے، جس کے باعث چیف جسٹس سے کیس کی سماعت جلد مقرر کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عوام موجودہ سیاسی نظام سے نجات چاہتے ہیں اور 27 ستمبر کو پرامن مارچ کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ مارچ کسی شوق یا نمائش کے لیے نہیں ہوگا اور اس مقصد کے لیے سرکاری وسائل استعمال نہیں کیے جائیں گے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر اپوزیشن جماعتیں بھی مارچ میں شرکت کریں گی۔ ان کے مطابق عوام جمہوری طریقے سے تبدیلی اور نئے انتخابات کے خواہاں ہیں، جبکہ سیاسی کشیدگی اور تقسیم نے عوام کو شدید مایوس کردیا ہے۔

بیرسٹر گوہر نے نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر بھی محتاط رویہ اختیار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے جلد بازی کے فیصلے نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے ایک بار پھر عمران خان کی صحت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس سے استدعا کی گئی ہے کہ متعلقہ مقدمے کی سماعت جلد مقرر کی جائے۔

نرسنگ کالج کے واقعے پر بات کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے طلبا پر پولیس تشدد کو افسوسناک قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ ایس ایچ او کو معطل کردیا گیا ہے اور پُرامن احتجاج کرنے والوں کے خلاف تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا۔

بیرسٹر گوہر نے وزیراعلیٰ پنجاب کے صوبوں سے متعلق بیان کو بھی قابل مذمت قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ اپنے الفاظ واپس لیں۔