ڈیزل کی قیمت میں اضافے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز کا کرایوں میں 10 فیصد اضافہ

گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن نے ڈیزل کی بڑھتی قیمت کے باعث مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں 10 فیصد اضافے کا اعلان کردیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹرز اونرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ گزشتہ 17 روز کے دوران ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 18 روپے فی لیٹر اضافہ ہوچکا ہے، جس کے باعث ٹرانسپورٹرز کے آپریشنل اخراجات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

ٹرانسپورٹرز کے مطابق ایندھن مہنگا ہونے کا اثر بالآخر عام صارفین پر پڑتا ہے، جبکہ موجودہ کرایوں پر بڑھتے ہوئے اخراجات کے ساتھ مال بردار ٹرانسپورٹ کا نظام چلانا مشکل ہوگیا ہے۔

ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان طے پانے والے تحریری معاہدے پر مکمل طور پر عملدرآمد کیا جائے۔ ٹرانسپورٹرز نے خبردار کیا ہے کہ معاہدے کی شرائط پر پیش رفت نہ ہوئی تو دوبارہ ملک گیر ہڑتال کی طرف جانا پڑ سکتا ہے۔

دوسری جانب گڈز ٹرانسپورٹرز کے صدر ملک شہزاد اعوان نے گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کے حکومتی فیصلے کو ناقابل قبول قرار دیا تھا۔

ملک شہزاد اعوان کے مطابق حکومت کی یقین دہانی کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر ہڑتال 40 روز کے لیے مؤخر کردی تھی، تاہم ان کے بیشتر مطالبات اب بھی حل طلب ہیں۔

انہوں نے واضح کیا تھا کہ اگر مقررہ مدت کے اندر ٹرانسپورٹرز کے مطالبات پر خاطر خواہ پیش رفت نہ ہوئی تو گڈز ٹرانسپورٹرز دوبارہ ملک گیر ہڑتال کا اعلان کرسکتے ہیں۔