برطانوی ادارے کا پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کا اعلان

برطانوی مالیاتی ادارے برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ  نے پاکستان کے نجی شعبے میں سرمایہ کاری اور فنانسنگ کا حجم بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

بی آئی آئی کے وفد نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کی، جس کے دوران پاکستان میں نجی شعبے کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع اور فنانسنگ میں اضافے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران بی آئی آئی کے نمائندوں نے پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے ایک اہم مارکیٹ قرار دیتے ہوئے مستقبل میں یہاں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔ وفد کے مطابق ادارہ آئندہ پانچ برسوں کے دوران ایشیا اور افریقہ میں 2 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔

فریقین نے پاکستان میں بنیادی ڈھانچے اور کلائمیٹ فنانس کے شعبوں میں ممکنہ سرمایہ کاری کے مواقع کا بھی جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ قابلِ تجدید توانائی اور بجلی کی ترسیل سے متعلق منصوبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) اور زرعی شعبے کے لیے مالی معاونت بڑھانے کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔

اس موقع پر پرائیویٹ ایکویٹی اور پرائیویٹ کریڈٹ کے فروغ سے متعلق امکانات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ سرمایہ کاری کے لیے نئے کیپٹل مارکیٹ آلات متعارف کرانے کی تجاویز پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

موجودہ رئیل اسٹیٹ اثاثوں کی ٹوکنائزیشن کے امکانات بھی ملاقات کے ایجنڈے کا حصہ رہے، جس کے ذریعے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے پر غور کیا گیا۔