شاہد آفریدی کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی وجہ صرف عالمی حالات نہیں بلکہ حکومتی پالیسیوں اور کارکردگی کا بھی اس میں کردار ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں شاہد آفریدی نے کہا کہ جب حکومت ٹیکس وصولی کے مقررہ اہداف حاصل نہیں کرپاتی تو اس کا مالی بوجھ عام شہریوں پر منتقل کردیا جاتا ہے، جبکہ پٹرولیم مصنوعات پر زیادہ ٹیکس عائد کرکے اضافی آمدن حاصل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام آدمی کے لیے روزمرہ اخراجات پورے کرنا مشکل بنا دیے ہیں اور دو وقت کی روٹی کا انتظام بھی کئی خاندانوں کے لیے ایک چیلنج بن چکا ہے۔
شاہد آفریدی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کو مزید مشکلات میں مبتلا کرنے کے بجائے ان کے لیے ریلیف اور آسانیاں پیدا کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام پہلے ہی معاشی دباؤ کا سامنا کررہے ہیں، اس لیے حکومتی اقدامات میں عام شہری کی مشکلات کو بھی مدنظر رکھا جانا چاہیے۔