انگلینڈ نے پاکستان کو تین میچز کی سیریز میں وائٹ واش کردیا

انگلینڈ نے پاکستان کو تین میچز کی سیریز میں وائٹ واش کرتے ہوئے فیصلہ کن میچ بھی اپنے نام کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے دیا گیا 130 رنز کا ہدف انگلش ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ نے 62 جبکہ جورڈن نے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کے اوپنرز بین ڈکٹ اور ایملیو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، دونوں وکٹیں محمد عباس نے حاصل کیں۔

اس سے قبل پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں 449 رنز بنائے اور انگلینڈ کو میچ جیتنے کے لیے 130 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان کی جانب سے رضا اللہ نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے رضا اللہ نے 63 گیندوں پر 9 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 81 رنز بنائے۔

رضا اللہ کی جارحانہ اننگز نے پاکستان کو اننگز کی شکست سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا اور انگلینڈ کے سامنے ایک قابلِ حصول ہدف رکھنے میں مدد دی۔

پاکستان کی جانب سے شان مسعود 95 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ بابر اعظم نے 76، اذان اویس نے 59 اور محمد عباس نے 42 رنز بنائے۔ صائم ایوب اور عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، جبکہ غازی غوری نے 16 اور محمد عمران نے 4 رنز اسکور کیے۔

انگلینڈ کی جانب سے ایٹکنسن نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اولی رابنسن، جوش اور لارنس نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ جوفرا آرچر کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

یاد رہے کہ میچ کی پہلی اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم 133 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، جس کے جواب میں انگلینڈ نے 453 رنز بنا کر 320 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔ انگلینڈ نے اسی برتری کی بنیاد پر میچ میں اپنی پوزیشن مضبوط بنائی اور بالآخر سیریز میں پاکستان کو کلین سویپ کردیا۔