لیڈی گاگا کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش
گریمی اور آسکر ایوارڈ یافتہ امریکی گلوکارہ لیڈی گاگا اور ان کے منگیتر مائیکل پولانسکی کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لیڈی گاگا اور مائیکل پولانسکی کو حال ہی میں شمالی کیلیفورنیا میں اپنے نومولود بچے کے ہمراہ دیکھا گیا، جس کے بعد ان کے ہاں بچے کی پیدائش کی خبر سامنے آئی۔
40 سالہ لیڈی گاگا نے رواں سال اپنا ’مےہیم بال‘ ورلڈ ٹور مکمل کیا تھا۔ تقریباً 9 ماہ جاری رہنے والے اس عالمی دورے کے دوران گلوکارہ نے دنیا کے مختلف شہروں میں مجموعی طور پر 86 شوز کیے۔
لیڈی گاگا نے مارچ 2025 میں ’دی نیویارک ٹائمز‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں خاندان شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ اس وقت انہوں نے ماں بننے کی خواہش کو اپنی زندگی کی اہم ترجیحات میں شامل قرار دیا تھا۔
اب پہلے بچے کی پیدائش کے بعد لیڈی گاگا اور مائیکل پولانسکی کی زندگی میں والدین بننے کا نیا مرحلہ شروع ہوگیا ہے۔