مریم نواز کی صاحبزادی ماہ نور صفدر کا نکاح جاتی عمرہ میں منعقد
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صاحبزادی ماہ نور صفدر کا نکاح جاتی عمرہ میں منعقد ہوا، جس میں شریف خاندان اور قریبی عزیز و اقارب نے شرکت کی۔
رپورٹس کے مطابق نکاح کی تقریب کو نجی رکھا گیا اور اس میں صرف خاندان کے افراد اور قریبی مہمان شریک ہوئے۔ تقریب میں مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، حسن نواز اور حسین نواز سمیت شریف خاندان کے دیگر افراد موجود تھے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بھی نکاح کی تقریب میں شرکت کی۔
ماہ نور صفدر کا نکاح معروف کاروباری شخصیت جبار خالد کے صاحبزادے اذان جبار سے ہوا۔
نکاح کی تقریب سے متعلق مختلف ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں۔ ایک ویڈیو میں ماہ نور صفدر کو دلہن کے لباس میں دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ ایک اور ویڈیو میں وزیراعظم شہباز شریف، نواز شریف اور خاندان کے دیگر افراد تقریب کے مقام پر پہنچتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
ماہ نور صفدر کی حالیہ گریجویشن تقریب بھی توجہ کا مرکز رہی تھی، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لندن میں شرکت کی تھی۔ اس موقع پر مریم نواز نے اپنی صاحبزادی کی تعلیمی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے خاندان کے لیے ایک یادگار لمحہ قرار دیا تھا۔
ماہ نور صفدر کے نکاح کی تقریب کے بعد سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز پر صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل کا سلسلہ جاری ہے۔