کوہاٹ میں ڈپٹی کمشنر کے قافلے پر فائرنگ، گاڑیوں کو نقصان

خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں مبینہ غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف کارروائی کے بعد ڈپٹی کمشنر کے قافلے کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، تاہم واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رحمان آباد کے علاقے میں انتظامیہ نے شکر درہ میں مبینہ غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف آپریشن کیا تھا۔ کارروائی مکمل کرنے کے بعد ڈپٹی کمشنر کا قافلہ واپس روانہ ہوا تو نامعلوم مسلح افراد نے اس پر فائرنگ کردی۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں قافلے میں شامل بعض گاڑیوں کو نقصان پہنچا، تاہم ڈپٹی کمشنر سمیت تمام افراد محفوظ رہے۔ واقعے کے وقت اسسٹنٹ کمشنر لاچی اور اسسٹنٹ کمشنر تحصیل کوہاٹ بھی قافلے میں موجود تھے۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی اور گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کے محرکات، فائرنگ میں ملوث افراد اور واقعے کے دیگر پہلوؤں کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔