ٹرمپ کا ایران کے جوہری پروگرام پر سخت بیان، جنگ جلد ختم ہونے کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا تو اس کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ اور اسرائیل کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔

آئرلینڈ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ سعودی عرب کی آئل پائپ لائن پر ہونے والے حملے میں ایران کے ملوث ہونے کا امکان زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

امریکی صدر کے مطابق ایران جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت حاصل کرنے سے صرف دو ہفتے کے فاصلے پر تھا۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران کی جانب سے امریکا کو لاحق خطرات کے پیش نظر کارروائی ضروری تھی۔

ٹرمپ نے کہا کہ یمن کے حوثی امریکا کے ساتھ براہِ راست جنگ نہیں چاہتے، جبکہ تہران سے یورپ کے بعض شہروں کو بھی خطرہ لاحق تھا۔ ان کے بقول اگر ایران کے خلاف مزید ایک ہفتے تک کارروائی نہ کی جاتی تو ایران امریکا پر حملہ کرسکتا تھا۔

امریکی صدر نے آبنائے ہرمز کے حوالے سے بھی دعویٰ کیا کہ اس پر امریکا کا کنٹرول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ جلد ختم ہونے کی توقع ہے اور جنگ کے خاتمے کے بعد عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں تیزی سے کمی آئے گی۔