قادر پٹیل کی ایم کیو ایم پر تنقید، صوبہ کارڈ کھیلنے کا الزام
پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل نے ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ جماعت عوامی حمایت میں کمی کے بعد ایک بار پھر نئے صوبے کا معاملہ اٹھا رہی ہے۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق خالد مقبول صدیقی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے قادر پٹیل نے کہا کہ ایم کیو ایم کو جب بھی عوامی پذیرائی میں کمی کا سامنا ہوا، اس نے تقسیم اور نئے صوبے کے معاملے کو سیاسی طور پر اجاگر کیا۔
قادر پٹیل نے مصطفیٰ کمال کے ماضی کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے خالد مقبول صدیقی سے وضاحت طلب کی کہ اگر ماضی میں مصطفیٰ کمال نے ان پر سنگین الزامات عائد کیے تھے تو اب ان دونوں رہنماؤں کے مؤقف میں فرق کی کیا وجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کی بات کرنے سے پہلے ایم کیو ایم کو کراچی میں ماضی کی سیاسی صورتحال اور اپنے دورِ سیاست سے متعلق عوام کے سوالات کا جواب دینا چاہیے۔
رہنما پیپلزپارٹی نے الزام عائد کیا کہ کراچی میں بھتہ خوری سمیت مختلف عوامل نے شہر کی صنعت اور کاروباری سرگرمیوں کو نقصان پہنچایا، اس لیے ایم کیو ایم کو موجودہ سیاسی مؤقف اختیار کرنے سے پہلے اپنے ماضی کی سیاست کا بھی جواب دینا ہوگا۔
قادر پٹیل نے کہا کہ پیپلزپارٹی سندھ کے عوام کو تقسیم کرنے کی کسی بھی کوشش کی مخالفت کرے گی اور اس حوالے سے جمہوری و آئینی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خالد مقبول صدیقی جتنی مرتبہ نئے صوبے کے معاملے کو سیاسی بحث کا حصہ بنائیں گے، اتنی ہی مرتبہ عوام کی جانب سے ان کی جماعت کی سابقہ سیاست اور کارکردگی کے بارے میں سوالات اٹھائے جائیں گے۔