انڈونیشیا میں 243 مسافروں سے بھری کشتی لاپتہ
انڈونیشیا میں 243 افراد کو لے جانے والی ایک مسافر کشتی سمندر میں لاپتہ ہوگئی، جس کے بعد بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
انڈونیشین ریسکیو ایجنسی کے مطابق کارروائی کے دوران 103 افراد کو سمندر سے بحفاظت نکال لیا گیا، جبکہ ایک مسافر کی ہلاکت کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کشتی کے عملے سے آخری رابطے کے وقت سمندر میں خراب موسم کی صورتحال کی اطلاع دی گئی تھی، جس کے بعد کشتی سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
انڈونیشین حکام کے مطابق مسافر کشتی مشرقی جاوا کے شہر سورابایا سے بنجر ماسن کی بندرگاہ کی جانب سفر کر رہی تھی اور حادثے کے وقت منزل سے تقریباً 148 کلومیٹر کے فاصلے پر تھی۔
ریسکیو حکام کے مطابق کشتی میں سوار دیگر افراد تاحال لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کے لیے سمندر میں ریسکیو اور سرچ آپریشن جاری ہے۔