جو روٹ نے سچن ٹنڈولکر کا اہم ریکارڈ توڑ دیا
انگلینڈ کے اسٹار بیٹر اور کپتان جو روٹ نے پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے بھارت کے لیجنڈری بیٹر سچن ٹنڈولکر کا ایک بڑا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں جو روٹ نے 62 رنز اسکور کیے۔ اس اننگز کے دوران انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 69ویں نصف سنچری مکمل کی اور سچن ٹنڈولکر کا 68 نصف سنچریوں کا ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا۔
جو روٹ نے یہ اعزاز 309 اننگز میں حاصل کیا، جبکہ سچن ٹنڈولکر نے 329 اننگز کے دوران 68 نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔ ویسٹ انڈیز کے سابق بیٹر شیونارائن چندرپال 66 نصف سنچریوں کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔
سابق آسٹریلوی کپتان ایلن بارڈر اور بھارت کے سابق بیٹر راہول ڈریوڈ 63، 63 نصف سنچریوں کے ساتھ مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ 62 نصف سنچریوں کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہیں۔
دوسری جانب ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ اب بھی سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے، جنہوں نے اپنے کیریئر میں 51 سنچریاں اسکور کیں۔ جو روٹ 41 سنچریوں کے ساتھ اس فہرست میں رکی پونٹنگ کے ہمراہ مشترکہ تیسرے نمبر پر ہیں، جبکہ جنوبی افریقہ کے جیک کیلس 45 سنچریوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
جو روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں سچن ٹنڈولکر کے سب سے زیادہ رنز کے ریکارڈ کے بھی قریب پہنچ چکے ہیں۔ ٹنڈولکر نے ٹیسٹ کیریئر میں 15 ہزار 921 رنز بنائے، جبکہ جو روٹ کے رنز کی تعداد 14 ہزار 278 ہوگئی ہے۔
یوں 35 سالہ جو روٹ مستقبل میں ٹنڈولکر کے ایک اور بڑے ٹیسٹ ریکارڈ کو پیچھے چھوڑنے کی پوزیشن میں پہنچ گئے ہیں۔