پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری دو سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

وفاقی وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری  میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں ماہانہ بنیادوں پر نیٹ ایف ڈی آئی دو سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اگست 2026 میں پاکستان کی نیٹ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری بڑھ کر 316 ملین امریکی ڈالر ہوگئی، جو گزشتہ دو برس کے دوران کسی ایک ماہ میں ریکارڈ کی جانے والی سب سے زیادہ سطح ہے۔

وزارت کے مطابق اگست کے دوران ایف ڈی آئی میں اضافے کو چین، کینیڈا اور متحدہ عرب امارات سے آنے والی سرمایہ کاری میں اضافے سے تقویت ملی۔ اس کے علاوہ سرمایہ کی واپسی اور بیرون ملک جانے والے سرمائے میں کمی نے بھی نیٹ ایف ڈی آئی کی پوزیشن بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

وفاقی وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ غیرملکی سرمایہ کاری میں یہ بہتری ملکی معیشت میں استحکام کے رجحان کی عکاسی کرتی ہے۔ وزارت کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان کو معاشی استحکام سے سرمایہ کاری پر مبنی اور پائیدار اقتصادی ترقی کی سمت آگے بڑھانے کے حوالے سے ایک حوصلہ افزا اشارہ ہے۔