ابھشیک شرما کے پانچ دن میں دو مختلف ٹی ٹوئنٹی ریکارڈ
بھارتی اوپنر ابھشیک شرما نے محض پانچ دن کے دوران ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں دو متضاد نوعیت کے ریکارڈ اپنے نام کرلیے۔
افغانستان کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری اسکور کرنے والے ابھشیک شرما جاپان کے خلاف تاریخی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل مقابلے میں پہلی ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔
2026 کے دوران ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ابھشیک شرما کے صفر پر آؤٹ ہونے کا یہ 10واں موقع ہے، جو ایک کیلنڈر سال میں کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے سب سے زیادہ مرتبہ ڈک پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ ہے۔
ان کے 10 صفر میں سے 7 مرتبہ یہ صورتحال بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں پیش آئی۔ اس طرح بھارتی اوپنر نے ایک سال میں سب سے زیادہ ڈک کا نیا ریکارڈ قائم کرلیا ہے۔
اس سے قبل افغانستان کے راشد خان 2019 میں جبکہ پاکستان کے شاداب خان 2024 میں ایک کیلنڈر سال کے دوران 9،9 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔
ابھشیک شرما کے لیے یہ ریکارڈ اس لیے بھی غیر معمولی ہے کہ صرف پانچ روز قبل انہوں نے افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں محض 30 گیندوں پر سنچری مکمل کی تھی۔