کرسٹیانو رونالڈو کا قومی ٹیم کے ساتھ کھیل جاری رکھنے کا اعلان
پرتگال کے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے قومی ٹیم کی نمائندگی جاری رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اپنے آئندہ اہداف بھی بتا دیے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے کیریئر میں 1000 گول مکمل کرنے کے ساتھ پرتگال کو نیشنز لیگ کا اعزاز دلانے کے خواہاں ہیں۔ 41 سالہ اسٹار فٹبالر کو 1000 گولز کا سنگ میل عبور کرنے کے لیے مزید 21 گول درکار ہیں۔
نجی ٹی وی چینل ’ایکسپریس نیوز‘ کے مطابق رونالڈو نے بتایا کہ ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں اسپین کے ہاتھوں شکست کے بعد انہوں نے بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ لینے پر غور کیا تھا۔
رونالڈو کے مطابق پرتگالی فٹبال فیڈریشن کے صدر پیڈرو پروینسا اور نئے ہیڈ کوچ جارجے جیزس کے ساتھ مشاورت کے بعد انہوں نے قومی ٹیم کے ساتھ اپنا سفر جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔
پرتگال کی جانب سے 233 میچز کھیلنے والے رونالڈو کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی ٹیم کے لیے گول اسکور کرنے کے علاوہ میدان سے باہر بھی اپنی خدمات فراہم کرسکتے ہیں۔ تاہم ان کے مطابق جس وقت انہیں محسوس ہوا کہ ٹیم کو مزید ان کی ضرورت نہیں رہی تو وہ خود قومی ٹیم سے الگ ہوجائیں گے۔
دوسری جانب پرتگال کے نئے کوچ جارجے جیزس نے بھی تصدیق کی ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو ویلز کے خلاف ان کے دورِ کوچنگ کے پہلے میچ میں پرتگال کی جانب سے میدان میں اتریں گے۔