پاکستان انڈر 17 اسکواڈ کا اعلان، اذان احمد کپتان مقرر
سری لنکا انڈر 17 کے خلاف آئندہ سیریز کے لیے پاکستان کی انڈر 17 کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے، جس کی قیادت اذان احمد کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے 16 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ تشکیل دیا گیا ہے، جبکہ چار کھلاڑیوں کو ریزرو فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کی انڈر 17 ٹیموں کے درمیان سیریز 9 سے 24 اکتوبر تک ملتان میں کھیلی جائے گی۔ دورے کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان ایک تین روزہ میچ اور پانچ ایک روزہ مقابلے ہوں گے۔
پی سی بی کے مطابق سری لنکا کی انڈر 17 ٹیم 5 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی، جبکہ قومی اسکواڈ کی قیادت کرنے والے اذان احمد کی کپتانی میں راولپنڈی نے رواں سال نیشنل انڈر 17 کپ کا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا تھا۔