ایشین گیمز والی بال، پاکستان نے قازقستان کو 3-1 سے شکست دے دی

پاکستان والی بال ٹیم نے ایشین گیمز میں اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے افتتاحی میچ میں قازقستان کو تین کے مقابلے میں ایک سیٹ سے شکست دے دی۔

پاکستانی ٹیم نے میچ کے ابتدائی دونوں سیٹس میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 25-16 اور 25-22 کے اسکور سے کامیابی حاصل کی اور میچ میں اپنی گرفت مضبوط کرلی۔

تیسرے سیٹ میں قازقستان کی ٹیم نے بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے مقابلے میں واپسی کی اور 25-17 سے سیٹ اپنے نام کرلیا۔

تاہم چوتھے سیٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے دوبارہ برتری حاصل کی اور 25-20 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے میچ 3-1 سے جیت لیا۔

پاکستان کی جانب سے مراد خان، علی عثمان، مراد جہان اور مصور خان نے نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری یعقوب اور صدر سہیل خاور میر نے کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ پاکستان اپنا اگلا میچ کل ازبکستان کے خلاف کھیلے گا۔