جوز بٹلر ہیمسٹرنگ انجری کے باعث ٹرائی سیریز سے باہر
انگلینڈ کی وائٹ بال ٹیم کے کپتان اور تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹر جوز بٹلر ہیمسٹرنگ کی انجری کے باعث آئندہ ماہ پاکستان میں شیڈول ون ڈے ٹرائی سیریز میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
جوز بٹلر کو سری لنکا کے خلاف ہیڈنگلے میں کھیلے گئے میچ کے دوران انجری کا سامنا کرنا پڑا۔ انجری کے باوجود انہوں نے کچھ دیر دوبارہ بیٹنگ کی کوشش کی، تاہم تکلیف میں اضافے کے باعث انہیں کھیل ادھورا چھوڑنا پڑا۔
انگلینڈ ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے بٹلر کی انجری کی نوعیت اور شدت کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ ان کی نومبر میں آسٹریلیا کے خلاف ہونے والے دورے میں شرکت بھی فٹنس سے مشروط ہوگئی ہے۔
بٹلر کی عدم دستیابی کی صورت میں جارڈن کاکس کو وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری کے ساتھ مڈل آرڈر میں بھی مسلسل موقع دیے جانے کا امکان ہے۔ جارڈن کاکس نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے فیصلہ کن میچ میں 52 گیندوں پر 76 رنز کی اننگز کھیل کر ون ڈے کرکٹ میں اپنی پہلی نصف سنچری بنائی تھی۔