بدین میں بینک اکاؤنٹس کی خرید و فروخت کرنے والا گروہ پکڑا گیا

بدین میں شہریوں کو مالی فائدے کا جھانسہ دے کر ان کے نام پر بینک اکاؤنٹس کھلوانے اور بعد ازاں مبینہ طور پر نوسربازوں کو فروخت کرنے والے 5 رکنی گروہ کا سراغ لگا لیا گیا۔

پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران گروہ کے 3 ارکان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ 2 ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے تلاش جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے موبائل فونز کی جانچ کے دوران سیکڑوں بینک اکاؤنٹس سے متعلق معلومات سامنے آئی ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے اکاؤنٹس کی خرید و فروخت کے لیے مختلف واٹس ایپ گروپس بھی بنا رکھے تھے۔

پولیس کے مطابق شہریوں سے حاصل کیے گئے بینک اکاؤنٹس کو مبینہ طور پر آن لائن فراڈ کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ بدین میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ کیس کے مختلف پہلوؤں پر مزید تفتیش جاری ہے۔