صومالیہ میں ہائی جیک بحری جہاز بازیاب، 3 پاکستانیوں سمیت 5 کریو ممبرز جاں بحق

صومالیہ کی پنٹ لینڈ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے قزاقوں کے قبضے سے ہائی جیک کیے گئے بحری جہاز ’اونر 25‘ کو بازیاب کرالیا، تاہم آپریشن کے دوران عملے کے 5 ارکان جان کی بازی ہار گئے۔

دستیاب معلومات کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 3 پاکستانی، ایک بھارتی اور میانمار کا ایک شہری شامل ہے۔ جہاز کے عملے میں 10 پاکستانیوں کے علاوہ بھارت، میانمار اور انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل تھے۔

جہاز کے کپتان نے انصار برنی ٹرسٹ کی نمائندہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بحری جہاز پر ہونے والے حملے کے نتیجے میں 5 کریو ممبرز ہلاک ہوئے، جن میں 3 پاکستانی، ایک بھارتی اور ایک میانمار کا شہری شامل ہے۔

جہاز کے سیکنڈ انجینئر حسین یوسف کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں پاکستانی سیکنڈ آفیسر کاشف عمر، تھرڈ انجینئر محمود انصاری اور رفیع اللہ خان شامل ہیں۔ ان کے مطابق بھارتی کریو ممبر تنویر اور میانمار سے تعلق رکھنے والے چیف انجینئر بھی حملے میں مارے گئے۔

حسین یوسف نے بتایا کہ واقعے کے دوران 4 افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں فورتھ انجینئر عثمان، عقیل، امین اور ایک انڈونیشین شہری شامل ہیں۔

ان کے مطابق حملے کے بعد جہاز کا اسٹیئرنگ سسٹم خراب ہوگیا ہے اور اسے ایک دوسرے بحری جہاز کے ساتھ باندھ کر منتقل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے حکام سے فوری امداد فراہم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق افراد کی میتیں شدید گرمی میں جہاز پر موجود ہیں اور زخمیوں کو بھی فوری طبی امداد کی ضرورت ہے۔

جہاز کے عملے کے ایک رکن نے بتایا کہ انہیں فوری طور پر طبی سہولیات اور ایسا بحری جہاز درکار ہے جس کے ذریعے زخمیوں اور میتوں کو منتقل کیا جاسکے۔ ان کے مطابق اہل خانہ سے رابطہ بھی منقطع ہے اور انہیں واسو (Vassaco) شہر منتقل کیا جارہا ہے، جہاں پہنچنے میں تقریباً 3 دن لگ سکتے ہیں۔