تحریک تحفظ آئین پاکستان کی اے پی سی کیلئے رابطے، مختلف جماعتوں سے مشاورت جاری
اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کی تیاریوں کے سلسلے میں مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے بعد اب جماعت اسلامی، عوامی نیشنل پارٹی، قومی وطن پارٹی اور دیگر جماعتوں کی قیادت سے بھی رابطے کیے جائیں گے۔ جمعیت علمائے اسلام کی قیادت کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت پہلے ہی دی جاچکی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان نے عوام پاکستان پارٹی کی قیادت سے بھی رابطہ کرلیا ہے۔ اس سلسلے میں اپوزیشن رہنماؤں کی عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے مختلف اپوزیشن جماعتوں کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے لیے اعتماد میں لینے اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔