وزیراعظم کا خیبرپختونخوا سے متعلق فیصلے سے قبل مشاورت کا فیصلہ

وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے حوالے سے کسی بھی اہم فیصلے سے قبل متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی، جبکہ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے صوبے سے متعلق آئینی اور قانونی معاملات پر شرکا کو آگاہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی نے پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ ہونے والے پس پردہ رابطوں سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ خیبرپختونخوا کے حوالے سے آئندہ کوئی قدم اٹھانے سے پہلے اہم اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے خیبرپختونخوا کی صورتحال پر صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔