اداکارہ میرا کا فلم سائیکو کی کارکردگی پر تنقید کرنے والوں کو جواب

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ میرا نے اپنی نئی فلم ’سائیکو‘ کے باکس آفس بزنس پر تنقید کرنے والوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے جواب دے دیا۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کامیابی، ناکامی اور مشکل حالات میں ساتھ کھڑے رہنے والے افراد کے حوالے سے مختلف پیغامات جاری کیے۔

میرا کا کہنا تھا کہ بعض لوگ انہیں صرف اس بنیاد پر ’فلاپ‘ قرار دیتے ہیں کہ ان کی فلم ’سائیکو‘ 100 کروڑ روپے کا بزنس حاصل نہیں کرسکی۔ اداکارہ نے کہا کہ وہ خود کو بہادر سمجھتی ہیں کیونکہ فلم کی کارکردگی کے بعد لوگوں کے رویوں کا سامنا کرنے کے باوجود انہوں نے اپنی جدوجہد جاری رکھی۔

ایک اور پیغام میں اداکارہ میرا نے لکھا کہ فلم ناکام ہوسکتی ہے لیکن عورت ناکام نہیں ہوتی۔

اپنی سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے میرا نے شوبز میں کامیابی کو صرف باکس آفس پر بڑی کمائی سے جوڑنے کے رجحان پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ کسی فنکار کی کامیابی کا تعین محض فلم کے کاروبار سے نہیں کیا جانا چاہیے۔