کراچی گڈاپ میں فارم ہاؤس پر موبائل فون فراڈ

کراچی کے علاقے گڈاپ میں ایک فارم ہاؤس پر نوجوان لڑکیوں سے فراڈ کا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایونٹ آرگنائزر مبینہ طور پر 50 سے زائد خواتین کے موبائل فون لے کر فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق سلمان نامی شخص نے رہائشی منصوبے میں ایکٹیویٹی منعقد کرانے کا جھانسہ دے کر نوجوان لڑکیوں کو فارم ہاؤس پر بلایا۔ ملزم نے انہیں روزانہ 2 ہزار روپے معاوضہ دینے کی پیشکش بھی کی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خواتین کے فارم ہاؤس پہنچنے پر سلمان نے ویڈیو ریکارڈنگ کی اجازت نہ ہونے کا جواز پیش کرتے ہوئے ان سے موبائل فون جمع کرلیے۔ تمام فون ایک تھیلے میں رکھنے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔

فارم ہاؤس کے مینیجر اشعر انصاری کے مطابق وقاص نامی شخص نے کارپوریٹ اسٹاف کے لیے فارم ہاؤس بک کرایا تھا، تاہم بکنگ کی رقم بھی ادا نہیں کی گئی۔ ان کے مطابق متاثرہ خواتین میں زیادہ تر وہ لڑکیاں شامل تھیں جو مختلف ملٹی نیشنل کمپنیوں کے لیے ایکٹیویٹی سے متعلق کام کرتی ہیں۔

متاثرہ خواتین کی درخواست پر پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔ حکام کے مطابق سلمان کے ایک ساتھی اور ایک خاتون کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے لوکیشن اور دیگر تکنیکی شواہد کی مدد سے کارروائی جاری ہے۔