ایشین گیمز: پاکستان نے بھارت کو ہرا کر والی بال سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

ایشین گیمز کے مینز والی بال کوارٹر فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 3-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

پاکستان نے تینوں سیٹس میں بھارت کے خلاف عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 25-19، 25-23 اور 25-18 سے کامیابی حاصل کی۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ایشین گیمز کی تاریخ میں دوسری مرتبہ مینز والی بال کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔

دوسری جانب ایشین گیمز کے اسکواش مینز ٹیم ایونٹ میں بھی پاکستان نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرکے کم از کم کانسی کا تمغہ یقینی بنا لیا ہے۔

کوارٹر فائنل میں پاکستان نے جنوبی کوریا کو 2-0 سے شکست دی۔ محمد اشاب عرفان نے پہلے میچ میں جنوبی کوریا کے نا جو ینگ کو 3-0 سے ہرایا، جبکہ نور زمان نے اوہ سونگ ہی کے خلاف 3-1 سے کامیابی حاصل کرکے پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا۔

پاکستان کی مینز اسکواش ٹیم اب سیمی فائنل میں ہانگ کانگ کا سامنا کرے گی۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن کے مطابق یہ میچ یکم اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

سیمی فائنل میں کامیابی کی صورت میں پاکستان گولڈ میڈل کے لیے فائنل کھیلے گا، جبکہ شکست کی صورت میں ٹیم کو کانسی کا تمغہ ملے گا۔