فلائی دبئی کی اسرائیل کے لیے پروازیں عارضی طور پر معطل
فلائی دبئی نے سیکیورٹی کے حالیہ واقعے کے بعد اسرائیل کے لیے اپنی تمام پروازیں عارضی طور پر روکنے کا اعلان کردیا ہے۔
ایئرلائن کے مطابق گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات مکمل ہونے تک دبئی سے اسرائیل کے لیے فضائی آپریشن معطل رہے گا۔ اس سے قبل تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی ایک پرواز کو دورانِ سفر کاک پٹ میں پیش آنے والے واقعے کے باعث سعودی عرب کے شہر تبوک میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق طیارے میں موجود مسافروں اور عملے نے مبینہ طور پر ایک پائلٹ کو قابو کیا، جس کے بعد فلائی دبئی کے دیگر دو پائلٹس نے طیارے کو بحفاظت سعودی عرب میں اتارا۔
واقعے کے بعد پرواز میں سوار تمام مسافروں کو متبادل فلائی دبئی پرواز کے ذریعے اسرائیل پہنچایا گیا۔
فلائی دبئی کا کہنا ہے کہ واقعے کے اصل محرکات اور وجوہات کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ممکن ہوگا۔ ایئرلائن نے واضح کیا ہے کہ وہ واقعے کی تحقیقات میں متعلقہ حکام اور دیگر اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کررہی ہے۔