پی ٹی آئی کا 4 اکتوبر لانگ مارچ، خیبرپختونخوا میں قیام کی تجویز
پاکستان تحریک انصاف نے 4 اکتوبر کو اسلام آباد کی جانب ہونے والے لانگ مارچ کی حکمت عملی میں تبدیلی کرتے ہوئے قافلے کو ابتدائی طور پر خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں رکھنے کی تجویز پر غور شروع کردیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق لانگ مارچ 4 اکتوبر کو شروع ہوگا، جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی قافلے کی قیادت کریں گے۔ پارٹی نے مارچ کے ابتدائی روٹ اور روانگی کے مقام کے حوالے سے مشاورت جاری رکھی ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی اضلاع سے مارچ شروع کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے، جس میں ڈیرہ اسماعیل خان ممکنہ ابتدائی مقام کے طور پر شامل ہے۔ حتمی مقام اور روٹ سے متعلق فیصلہ پارٹی کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مارچ کو فوری طور پر اسلام آباد کی جانب روانہ کرنے کے بجائے چند روز تک خیبرپختونخوا میں رکھنے کی حکمت عملی بھی زیر غور ہے۔ اس سلسلے میں صوابی یا اٹک کے مقام پر کارکنوں کے لیے ٹینٹ سٹی قائم کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر خان کی جانب سے ملاکنڈ سے قافلے کی قیادت کیے جانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے اس سے قبل اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ 27 ستمبر کو شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم پارٹی کی سیاسی کمیٹی کے فیصلے کے بعد اس کی نئی تاریخ 4 اکتوبر مقرر کی گئی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بھی اعلان کیا تھا کہ مارچ پشاور سے روانہ ہوگا، تاہم بعد کی رپورٹس میں جنوبی اضلاع سے آغاز کی تجاویز بھی سامنے آئی ہیں۔