انوشکا شرما کے ایک آرڈر نے ممبئی کے ریسٹورنٹ کی قسمت بدل دی

بھارتی اداکارہ انوشکا شرما کی جانب سے شوہر ویرات کوہلی کے لیے چھولے بھٹورے منگوانے کا ایک آرڈر ممبئی کے ایک چھوٹے ریسٹورنٹ کے لیے غیر معمولی کامیابی کا سبب بن گیا۔

’دہلی سے‘ نامی ریسٹورنٹ کے مالکان کے مطابق 2022 میں کاروبار شدید مالی مشکلات کا شکار تھا اور تقریباً 18 لاکھ بھارتی روپے کا قرض واجب الادا ہونے کے باعث ریسٹورنٹ بند کرنے پر غور کیا جارہا تھا۔

اسی دوران کامیڈین ابھیشیک اپمنیو نے انسٹاگرام پر ریسٹورنٹ کے چھولے بھٹورے کی تعریف کی، جس کے بعد انوشکا شرما نے ویرات کوہلی کے لیے اسی ریسٹورنٹ سے کھانا منگوایا۔

انوشکا شرما نے کھانے کے بارے میں سوشل میڈیا پر مثبت رائے کا اظہار کیا تو اس پوسٹ نے ریسٹورنٹ کو بڑے پیمانے پر توجہ دلوائی۔ مالکان کا کہنا ہے کہ اس کے بعد وہاں گاہکوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوگیا۔

ریسٹورنٹ انتظامیہ کے مطابق کاروبار میں مسلسل ترقی کے بعد اب ’دہلی سے‘ کی چار برانچز قائم ہوچکی ہیں، جہاں روزانہ تقریباً 3 ہزار پلیٹس فروخت ہونے کا دعویٰ کیا جاتا ہے۔

مالکان کے مطابق ریسٹورنٹ کی ماہانہ فروخت بھی بڑھ کر تقریباً 2 کروڑ بھارتی روپے تک پہنچ چکی ہے، یوں انوشکا شرما کے ایک آرڈر کے بعد چھوٹے کاروبار نے نمایاں وسعت اختیار کرلی۔