پاکستانی معیشت بحالی کی جانب گامزن، تیل کی قیمتیں بڑا چیلنج
وزارتِ خزانہ کی ماہانہ معاشی آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق ملکی معیشت استحکام کے مرحلے سے نکل کر بحالی کی سمت بڑھ رہی ہے، تاہم عالمی مارکیٹ میں تیل کی بلند قیمتیں معیشت کے لیے ایک اہم چیلنج بنی ہوئی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال زراعت، مینوفیکچرنگ اور بڑی صنعتوں کے شعبے میں بہتری کے نمایاں اشارے سامنے آئے ہیں۔ اس دوران گاڑیوں کی پیداوار میں اضافے کے ساتھ سیمنٹ کی ترسیل میں بھی بہتری ریکارڈ کی گئی۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق ترسیلاتِ زر اور آئی ٹی برآمدات میں اضافے کے باعث کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی آئی ہے۔ اسی طرح براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری اور ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کی صورتحال میں بھی بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔
دوسری جانب رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ستمبر کے دوران مہنگائی کی شرح 10 سے 11 فیصد کے درمیان رہی، جبکہ آنے والے عرصے میں بھی افراطِ زر بلند رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنے اور کم آمدن والے خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت کی ٹارگٹڈ فیول ریلیف اسکیم پر عمل درآمد جاری ہے، جسے رپورٹ میں کامیابی سے جاری پروگرام قرار دیا گیا ہے۔