قومی بچت اسکیموں کی شرح منافع میں اضافہ
وزارت خزانہ نے قومی بچت کی مختلف اسکیموں پر منافع کی شرح میں اضافہ کردیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹ کی شرح منافع میں 19 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی شرح 11.80 فیصد مقرر ہوگئی ہے۔
اسی طرح بہبود سیونگ سرٹیفکیٹ اور پنشن سرٹیفکیٹ پر منافع کی شرح 12 بیسس پوائنٹس بڑھا دی گئی ہے، جس کے بعد دونوں اسکیموں پر نئی شرح منافع 12.72 فیصد ہوگئی ہے۔
ریگولر انکم سرٹیفکیٹ پر منافع کی شرح میں 60 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد سرمایہ کاروں کو 11.76 فیصد کی شرح سے منافع ملے گا۔
اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹ کی شرح منافع میں بھی 74 بیسس پوائنٹس تک اضافہ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں اس اسکیم کی نئی شرح 11.82 فیصد مقرر کردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سروا اسلامک ٹرم اکاؤنٹ کے تین سالہ پلان پر منافع کی شرح میں 41 بیسس پوائنٹس اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد یہ شرح 11.57 فیصد ہوگئی۔
سروا اسلامک ٹرم اکاؤنٹ کے پانچ سالہ پلان پر بھی منافع کی شرح 54 بیسس پوائنٹس بڑھائی گئی ہے، جس کے بعد اس پلان کے لیے نئی شرح 11.70 فیصد مقرر کی گئی ہے۔