پاکستان اور برطانیہ کا معاشی اصلاحات اور سرمایہ کاری تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

پاکستان اور برطانیہ نے معاشی اصلاحات، سرمایہ کاری اور نجی شعبے کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کو مزید آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی معاشی صورتحال، اصلاحات کے عمل اور دونوں ممالک کے درمیان کاروباری روابط بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان کو معاشی اصلاحات کے لیے تکنیکی معاونت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان معاشی استحکام کے مرحلے سے پائیدار ترقی کی طرف پیش قدمی کررہا ہے۔ حکومت کی ترجیحات میں پیداوار اور سرمایہ کاری میں اضافہ، برآمدات کو فروغ دینا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا شامل ہیں۔

محمد اورنگزیب کے مطابق حکومت نے معاشی اصلاحات کے حوالے سے اہم ترجیحات متعین کرلی ہیں، جبکہ میکرو اکنامک استحکام کو برقرار رکھنا بدستور حکومتی پالیسی کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساختی اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے امداد پر انحصار کم کرکے تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے کاروباری ماحول کو مزید سازگار بنایا جارہا ہے۔ اس موقع پر برطانوی فریق نے بھی پاکستان میں نجی شعبے کی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

ملاقات میں برطانوی کمپنیوں اور پاکستانی ڈائسپورا کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری روابط وسعت دینے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ ایوی ایشن کے شعبے میں سرمایہ کاری اور فنانسنگ کے مواقع کا بھی جائزہ لیا گیا۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستان کی جانب سے 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈ کے اجرا کو سراہتے ہوئے معاشی شعبے میں ہونے والی پیش رفت کو اہم قرار دیا۔