رونالڈو کا جرسی نمبر 7 دوسرے کھلاڑی کو ملتے ہی پرتگال ٹیم کے 20 لاکھ فالورز کم ہوگئے
کرسٹیانو رونالڈو کے پرتگال کی قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ سے علیحدہ ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں کا ردعمل سامنے آیا ہے، جس کے نتیجے میں پرتگال فٹبال ٹیم کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے فالورز کی تعداد میں مبینہ طور پر 20 لاکھ کی کمی ہوگئی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق رونالڈو نے رات تقریباً 2 بجے پرتگال ٹیم کے کیمپ سے علیحدگی اختیار کی، جس کے چند گھنٹے بعد صبح 10 بجے ان کا معروف جرسی نمبر 7 ایک دوسرے کھلاڑی کو دے دیا گیا۔
رونالڈو کا نمبر 7 فوری طور پر کسی اور کھلاڑی کو دیے جانے پر ان کے مداحوں میں شدید ناراضی دیکھی گئی۔ دنیا کے مختلف حصوں میں موجود رونالڈو کے فینز نے احتجاجاً پرتگال کی قومی ٹیم کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ کو ان فالو کرنا شروع کردیا۔
رپورٹ کے مطابق پرتگال فٹبال ٹیم کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر موجود تقریباً 2 کروڑ 50 لاکھ فالورز میں سے 20 لاکھ افراد نے راتوں رات اکاؤنٹ کو ان فالو کردیا، جس کے بعد فالورز کی تعداد تقریباً 2 کروڑ 30 لاکھ رہ گئی، جبکہ اس میں مزید کمی کا سلسلہ جاری ہے۔
رونالڈو کا جرسی نمبر 7 حاصل کرنے والے کھلاڑی نے بتایا کہ وہ یہ نمبر لینے کے خواہشمند نہیں تھے۔ ان کے مطابق انہوں نے کوچنگ اسٹاف سے کہا تھا کہ رونالڈو کی عزت کی جانی چاہیے کیونکہ وہ ابھی ٹیم سے الگ ہوئے ہیں، اس لیے وہ اتنی جلدی ان کا نمبر کیسے لے سکتے ہیں۔
کھلاڑی کا کہنا تھا کہ کوچز کی جانب سے دباؤ ڈالے جانے کے بعد انہیں رونالڈو کا نمبر 7 قبول کرنا پڑا۔