ورلڈ کپ 2027 کے ٹکٹس کی ریکارڈ مانگ، 3 روز میں درخواستیں 10 لاکھ سے بڑھ گئیں

کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے ٹکٹس حاصل کرنے کے لیے شائقین کی غیر معمولی دلچسپی سامنے آگئی، صرف تین روز کے دوران ٹکٹس کی درخواستوں کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق ٹکٹوں کے لیے سب سے زیادہ طلب پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ کی ہے۔ اس مقابلے کے لیے اب تک ایک لاکھ 10 ہزار درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔

آئی سی سی کے مطابق پاکستان اور بھارت کا میچ آئندہ سال 10 اکتوبر کو جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں شیڈول ہے، جبکہ سپر 6 مرحلے میں دونوں ٹیموں کے ممکنہ مقابلے کے لیے 78 ہزار درخواستیں بھی جمع کرائی جاچکی ہیں۔

عالمی کپ کے فائنل کے ٹکٹس میں بھی شائقین کی دلچسپی نمایاں ہے، فائنل کے لیے اب تک 69 ہزار درخواستیں موصول ہونے کی اطلاع ہے۔

آئی سی سی کے اعداد و شمار کے مطابق ٹکٹوں کی طلب نے ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل ہی کرکٹ شائقین کی بھرپور دلچسپی کو نمایاں کردیا ہے۔