محمد رضوان کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت، ایس این جی پی ایل کی نمائندگی کریں گے
پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کی اجازت مل گئی ہے، جس کے بعد وہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کی ٹیم کی جانب سے کھیلتے دکھائی دیں گے۔
ذرائع کے مطابق محمد رضوان نے نیپال کرکٹ لیگ میں حصہ لینے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے این او سی کی درخواست کی تھی، تاہم بورڈ نے انہیں بیرونِ ملک لیگ کے بجائے ملکی ڈومیسٹک کرکٹ پر توجہ دینے کی ہدایت کی۔
ایس این جی پی ایل کے ہیڈ کوچ محمد حفیظ نے سما سے گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان کی ٹیم میں شمولیت کی تصدیق کردی ہے۔ ان کے مطابق وکٹ کیپر بیٹر 19 اکتوبر کو ریسرچ لیبارٹریز کی ٹیم کے خلاف ایس این جی پی ایل کی نمائندگی کریں گے۔
دوسری جانب محمد رضوان کو نیپال کرکٹ لیگ میں شرکت کے لیے این او سی ملنے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے ان کا معاملہ نیشنل کرکٹ کونسل آف پاکستان (این سی سی آئی) میں زیرِ غور ہے، جس کے بعد حتمی صورتِ حال واضح ہوگی۔