کرکٹ میں ’ٹیسٹ ٹوئنٹی‘ فارمیٹ متعارف، لڑکوں اور لڑکیوں کے مشترکہ اسکور سے ہوگا فیصلہ
کرکٹ کی دنیا میں ایک نیا فارمیٹ ’ٹیسٹ ٹوئنٹی‘ متعارف کرایا جا رہا ہے، جس میں لڑکوں اور لڑکیوں کے الگ الگ مقابلوں کے باوجود دونوں کے رنز ٹیم کے مجموعی اسکور میں شامل کیے جائیں گے۔ یہ ایونٹ 14 سے 29 نومبر 2026 تک سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں منعقد ہوگا۔
منتظمین کے مطابق ٹورنامنٹ میں 13 سے 21 سال کی عمر کے 160 نوجوان کھلاڑی حصہ لیں گے۔ انہیں چار براعظمی ٹیموں میں تقسیم کیا جائے گا، جن میں ہر ٹیم 20 لڑکوں اور 20 لڑکیوں پر مشتمل ہوگی۔
نئے فارمیٹ کے تحت لڑکے اپنی ٹیم کے مرد کھلاڑیوں کے خلاف اور لڑکیاں دوسری ٹیم کی خواتین کھلاڑیوں کے مدمقابل ہوں گی، تاہم میچ کا نتیجہ دونوں گروپس کے مشترکہ اسکور کی بنیاد پر طے کیا جائے گا۔
ہر میچ میں مجموعی طور پر 80 اوورز کھیلے جائیں گے۔ پہلے 40 اوورز دن کے وقت سرخ گیند اور روایتی سفید لباس میں ہوں گے، جبکہ بقیہ 40 اوورز فلڈ لائٹس کی روشنی میں سفید گیند اور رنگین کٹس کے ساتھ کھیلے جائیں گے۔
ٹورنامنٹ کے مشاورتی بورڈ میں جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز، آسٹریلیا کے سابق کرکٹر میتھیو ہیڈن اور ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان کلائیو لائیڈ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے بچپن کے کوچ راجکمار شرما عالمی سلیکشن کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔
کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ کا فائنل 29 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ اس فارمیٹ میں لڑکوں اور لڑکیوں کی کارکردگی کو ایک ہی ٹیم کے نتیجے سے جوڑنے کی کوشش کی گئی ہے۔